لاہور(کامرس ڈیسک)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کی جانب سے طلب سے زائد بجلی کی دستیابی کے دعوﺅں کے باوجود شدید گرمی کے موسم میں لاہور کے متعدد علاقوں میں بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ، شدید گرمی کی لہر کے دوران گھنٹوں بجلی کی بندش اور وولٹیج کے اتار چڑھا نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لیسکو حکام کے سرکاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت لیسکو ریجن میں بجلی کی کل طلب 4 ہزار 033 میگاواٹ ہے
، جبکہ کمپنی کے سسٹم میں 4 ہزار 250 میگاواٹ بجلی دستیاب ہے یعنی لیسکو کے پاس مانگ سے زائد بجلی موجود ہے اور پورے ریجن میں طلب، رسد اور ترسیل کے نظام میں واضح توازن برقرار ہے، اسلئے کہیں بھی لوڈشیڈنگ کا جواز نہیں بنتا، تاہم سرکاری دعووں کے برعکس لاہور کے مختلف علاقوں کے رہائشیوں نے لیسکو کے دعووں کی قلعی کھول دی۔ شمع، گلبرگ، آٹ فال روڈ اور این ایف سی سمیت کئی گنجان آباد علاقوں کے صارفین نے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے ان علاقوں میں روزانہ 4 سے 5 گھنٹے کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جس کا کوئی شیڈول جاری نہیں کیا گیا، صارفین نے شکایت کی ہے کہ بجلی آنے کی صورت میں بھی وولٹیج انتہائی کم ہوتے ہیں، جس سے پنکھے اور ائیر کنڈیشنر کام نہیں کرتے۔ رپورٹ کے مطابق بجلی کے بار بار آنے اور جانے کی وجہ سے شہریوں کے گھروں میں موجود قیمتی برقی آلات، فریج، اے سی اور دیگر الیکٹرانک اشیا خراب اور جل رہی ہیں، جس سے عوام کو شدید مالی نقصان کا سامنا ہے، ا
س صورتحال میں شہریوں نے لیسکو انتظامیہ اور حکومت سے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ اگر سسٹم میں واقعی بجلی وافر مقدار میں موجود ہے، تو پھر اس جھلسادینے والی گرمی میں عوام کو لوڈ شیڈنگ کا عذاب کیوں جھیلنا پڑ رہا ہے؟۔