راولپنڈی(نیوز ڈیسک )سکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں خفیہ معلومات پر کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے8 دہشت گرد ہلاک کر دیا گیا اور اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ بارودی مواد(آئی ای ڈیز)اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرلیا گیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خاران اور مستونگ میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر دو تیز رفتار کارروائیاں کیں، یہ کارروائیاں بھارتی حمایت یافتہ پراکسی گروہ فتنہ الہندوستان کے خاتمے کےلئے جاری انسداد دہشت گردی مہم کا حصہ تھیں، جن میں مجموعی طور پر 8 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
انٹیلی جنس اطلاعات پر سکیورٹی فورسز نے ضلع خاران میں دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا، فورسز کی بروقت، موثر اور پیشہ ورانہ کارروائی کے نتیجے میں بھارتی پراکسی سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔
دوسری کارروائی ضلع مستونگ میں ممکنہ خودکش حملہ آور کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی، انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے اس پیشگی آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا، فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد ایک خودکش بمبار سمیت 5 دہشت گرد ہلاک کر دئیے گئے۔ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ بارودی مواد(آئی ای ڈیز)اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں، علاقے میں مزید بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لئے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے قومی ایکشن پلان کے تحت منظور کردہ وژن عزمِ استحکام کے مطابق ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کےلئے اپنی بلاامتیاز انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔