لاہور(نیوز ڈیسک )آزاد کشمیر کی صورت حال پر جماعت اسلامی ثالثی کے ل ئے متحرک ہو گئی، اس سلسلے میں ایک کمیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی صدارت میں آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے حافظ نعیم الرحمن کو ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کیا گیا اور بحران کے حل کے لیے آئندہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حافظ نعیم الرحمن صدرِ مملکت، وزیراعظم پاکستان اور دیگر قومی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ آزاد کشمیر کی صورتحال پر مشاورت کی جا سکے اور مسائل کے حل کےلئے قابل عمل تجاویز پیش کی جائیں۔اجلاس میں آئندہ لائحہ عمل کی تشکیل کےلئے امیر جماعت اسلامی نے ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔
یہ کمیٹی جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے رابطہ کرے گی اور مختلف تجاویز مرتب کر کے قیادت کو پیش کرے گی تاکہ بحران کے حل کے لئے مشترکہ کوششیں کی جا سکیں۔حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حالات کی بہتری کے لئے جماعت اسلامی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور کشمیری عوام کی مشکلات کے حل کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی پاکستان سے لازوال وابستگی شک و شبہ سے بالاتر ہے۔ اس موقع پر اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ تین ہفتوں سے جاری لاک ڈاﺅ ن کے باعث آزاد کشمیر کے عوام بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہو رہے ہیں، اس لئے حکومت پاکستان فوری طور پر اشیائے ضروریہ اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات کرے۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ایکس پر جاری ایک بیان یمں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 70 ڈالر سے نیچے آنے کے بعد ملک میں پیٹرول کی قیمت فوری طور پر کم کر کے 225 روپے فی لیٹر کی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی اس بڑی کمی کا پورا فائدہ براہِ راست عوام تک پہنچایا جائے، اور آئل کمپنیوں کے نقصانات یا دیگر حیلے بہانوں کو جواز بنا کر غریب عوام کو اس جائز معاشی ریلیف سے محروم نہ کیا جائے۔حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ مہنگا پیٹرول اور ڈیزل ملکی معیشت کےلےء انتہائی نقصان دہ ثابت ہو رہے ہیں، اگر حکومت واقعی معیشت کا پہیہ چلانا اور صنعتی و کاروباری سرگرمیاں بحال کرنا چاہتی ہے تو اسے پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں فوری اور نمایاں کمی کرنا ہوگی۔
انہوں نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پیٹرول اور ڈیزل پر عائد بھاری پیٹرولیم لیوی کا فوری خاتمہ کیا جائے تاکہ عوام کو حقیقی اور بڑا ریلیف مل سکے۔امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کے ساتھ ساتھ حکومت ٹرانسپورٹ کے کرایوں سمیت تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو بھی سرکاری سطح پر کم کروائے تاکہ عام آدمی کی زندگی میں آسانی پیدا ہو سکے۔