تیل پیداوار

عراق کا تیل پیداوار کا کوٹہ نہ بڑھانے پر اوپیک سے علیحدگی پر غور

بغداد(کامرس ڈیسک)عراق نے اوپیک میں تیل پیداوار کا کوٹہ نہ بڑھانے کی صورت میں اوپیک سے علیحدگی کا عندیہ دیدیا۔عراقی تیل پالیسی سے باخبر ذرائع نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ اگر عراق کے لیے اوپیک میں تیل پیداوار کا کوٹہ نمایاں طور پر نہ بڑھایا گیا تو بغداد تمام دستیاب آپشنز پر غور کرے گا، جن میں اوپیک سے علیحدگی بھی شامل ہے۔اوپیک کے دوسرے بڑے تیل پیدا کرنے والے ملک کی جانب سے تنظیم چھوڑنے پر غور کرنا متحدہ عرب امارات کے رواں سال انخلا کے بعد اوپیک کے لیے ایک اور بڑا دھچکا ثابت ہو سکتا ہے۔

عراق اوپیک کے پانچ بانی ارکان میں شامل ہے ، اس تنظیم کا قیام بھی عراقی دارالحکومت بغداد میں عمل میں آیا تھا۔عراقی وزارتِ تیل کے اعلی عہدیدار نے رائٹرز کو بتایا کہ ایران جنگ کے نتیجے میں عراق کو مالی بحران کا سامنا ہے، لہذا اوپیک میں عراق کے پیداواری کوٹے میں نمایاں اضافے کے مطالبے کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عراق نے اوپیک چھوڑنے کے امکان پر غور کیا تھا تاہم موجودہ منصوبہ تنظیم میں رہتے ہوئے زیادہ کوٹے کے حصول کی کوشش کرنا ہے۔عہدیدار کے مطابق سعودی عرب اور اوپیک کے دیگر اتحادیوں کو اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لینا چاہیے، بصورتِ دیگر عراق تمام دستیاب آپشنز پر غور کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا اوپیک سے نکلنے کے معاملے پر بات چیت ہوئی ہے تو انہوں نے جواب دیا، ابھی اس قدم کے لیے وقت قبل از وقت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں