لاہور(نیوز ڈیسک ) پنجاب حکومت نے شادی ہالز، مارکیز، فارم ہاﺅ سز اور بڑے فوڈ چینز کی مانیٹرنگ کےلئے کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب ریونیو سے متعلق اجلاس ہوا جس میں شادی ہالز، مارکیز، فارم ہاسز اور بڑے فوڈ چینز کی مانیٹرنگ کے لئے کیمرےلگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ شادی ہالز اور فوڈ چینز سے فارم ہاﺅ سز تک ہر ٹرانزیکشن کا حساب ہوگا۔وزیر اعلی نے ٹیکس وصولی اور سیکٹرل میپنگ کی ہر ہفتے رپورٹ پیش کرنے اور کیش اکانومی سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب منتقلی کا حکم دیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب ریونیو کلیکشن میں 38 فیصد اضافہ ہوا اور وصولی250 سے346 ارب تک پہنچ گئی جب کہ مالی سال 27-2026 کے لیے528 ارب روپے کا ریونیو ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ اگر دنیا کیش سے ڈیجیٹل پر جاسکتی ہے تو پاکستان کیوں نہیں؟ ٹیکس چوری پر نو ٹالرنس،کیمرے کی آنکھ بھی دیکھے گی اور ڈیجیٹل سسٹم بھی پکڑے گا جب کہ جعلی رسیدیں دینے اور سیلز چھپانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ وزیر اعلی پنجاب نے پی آر اے میں انفورسمنٹ اور ہیومن ریسورس میں اضافے اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کی ہدایت کی اور عوام میں ٹیکس آگاہی بڑھانے کیلئے پی آر اے کا میڈیا ونگ مزید موثر بنانے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ پی آر اے جہاں جہاں کارروائی کرے، جامع انداز میں کارروائی کی وجوہات میڈیا پر لائے۔