یوسف خان

شہنشاہ جذبات یوسف خان المعروف دلیپ کمار کی برسی 7جولائی کو منائی جائے گی

ممبئی (شوبز نیوز)شہنشاہ جذبات یوسف خان المعروف دلیپ کمار کی برسی 7جولائی کو منائی جائے گی۔وہ تقسیم ہند سے قبل پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں 11دسمبر 1922کو پیدا ہوئے، ان کا اصل نام یوسف خان تھا اور انہوں نے 1944میں 22سال کی عمر میں فلم جوار بھاٹا سے فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ دلیپ کمار ،انداز، داغ، رام اور شام، نیا دور، مدھومتی دیوداس اور آدمی جیسی کئی سپر ہٹ فلموں کا حصہ رہے تھے۔

دلیپ کمار کو حکومت پاکستان نے نشان امتیاز سے نوازا اور اس وقت کے صدر محمد رفیق تارڑ نے ایوارڈ سے نوازا تھا ۔انہوں نے بہت سی فلموں میں مختلف قسم کے کردار ادا کیے لیکن مغل اعظم میں ان کی رومانوی اداکاری اور رام اور شام میں ان کے کردار کو آج بھی بہت پسند کیا جاتا ہے۔

لیجنڈری ادکار نے 6 درجن سے زائد فلموں میں کام کیا اور ان کی متعدد فلموں کو بولی وڈ کی لازوال فلمیں بھی مانا جاتا ہے، وہ ان چند شوبز شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اپنے کام سے بولی وڈ کے سنہرے دور کی داغ بیل ڈالی۔ان کی آخری فلم قلعہ1998میں ریلیز ہوئی تھی، دلیپ کمار کو 1991میں پدمابھوشن، 1994میں دادا صاحب پھالکے اور 2015میں پدماوی بھوشن ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔

شہنشاہ جذبات 11اکتوبر 1966میں اداکارہ سائرہ بانو سے رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے ۔دلیپ کمار کی برسی کے موقع پر دنیا بھر مین فنکار برادری اور شو بز انڈسٹری کے زیر اہتمام مختلف تقریبات میں ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں