پاکستان ریلوے

پاکستان ریلوے کی 15 ٹرینوں کی آﺅ ٹ سورسنگ، 5 کے ٹھیکے دئیے جا سکے

لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان ریلوے کی جانب سے 15 ٹرینوں کی آﺅ ٹ سورسنگ کےلئے اوپن نیلامی میں صرف 5 ٹرینوں کے ٹھیکے دئیے جا سکے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق 10 ٹرینوں کےلئے کوئی بولی موصول نہ ہونے پر ان کی آﺅٹ سورسنگ موخر کر دی گئی، 5 ٹرینوں کی آﺅ ٹ سورسنگ سے پاکستان ریلوے کو مجموعی طور پر 10 ارب 78 کروڑ 23 لاکھ روپے کی آمدن حاصل ہوئی، نیلامی میں نجی شراکت داروں کے سپرد کی جانے والی ٹرینوں میں عوام ایکسپریس، ملت ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس، میانوالی ایکسپریس اور نارووال پسنجر شامل ہیں۔

نیلامی کے نتائج کے مطابق عوام ایکسپریس 3 ارب 56 کروڑ روپے، قراقرم ایکسپریس 3 ارب 90 کروڑ 15 لاکھ روپے، ملت ایکسپریس 2 ارب 77 کروڑ 28 لاکھ روپے، میانوالی ایکسپریس 40 کروڑ 10 لاکھ روپے جبکہ نارووال پسنجر 14 کروڑ 70 لاکھ روپے میں آٹ سورس کی گئی۔ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے نے 15 ٹرینوں کی آﺅ ٹ سورسنگ کےلئے مجموعی طور پر 25 ارب روپے سے زائد کا بنچ مارک مقرر کیا تھا، تاہم 10 ٹرینوں کے لئے مقرر کردہ بنچ مارک زیادہ ہونے کے باعث کمپنیاں بڈز جمع کرانے سے گریزاں رہیں۔

جن ٹرینوں کے لئے کوئی بولی موصول نہ ہو سکی ان میں ہزارہ ایکسپریس، فرید ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، راوی ایکسپریس، بہاﺅ الدین زکریا ایکسپریس، لا ثانی ایکسپریس، تھل ایکسپریس، سکھر ایکسپریس، سیالکوٹ ایکسپریس اور فیض احمد فیض ایکسپریس شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق 10 ٹرینوں کی آﺅ ٹ سورسنگ موخر کر دی گئی ہے اور ریلوے انتظامیہ آئندہ مرحلے میں بنچ مارک اور شرائط کا ازسرنو جائزہ لینے پر غور کرے گی، آﺅ ٹ سورسنگ کے ذریعے ریلوے نے اپنی آمدن میں اضافہ اور آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے کا ہدف مقرر کیا تھا، تاہم 15 میں سے صرف 5 ٹرینوں کے ٹھیکے ملنے سے متوقع آمدن میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ترجمان پاکستان ریلوے کا کہنا ہے کہ بنچ مارک زیادہ رکھنے کا مقصد ادارے کےلئے زیادہ سے زیادہ آمدن حاصل کرنا تھا، پانچ ٹرینوں کی آکشن بہترین ریٹس پر کی گئی اور نجی کمپنیوں کی کوشش تھی کہ انہیں کم نرخوں پر ٹرینوں کی کمرشل مینجمنٹ حاصل ہو، تاہم ریلوے نے اپنے اہداف کے مطابق بہترین آمدن حاصل کی ہے۔ذرائع کے مطابق نیلامی کے نتائج کی حتمی منظوری پاکستان ریلوے کی انتظامیہ کی جانب سے دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں