عطا تارڑ

تاریخ اس قدم کو یاد رکھے گی جب وزیراعظم نے نعرہ لگایا میں ریاست کو بچاؤں گا، عطا تارڑ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ تاریخ اس قدم کو یاد رکھے گی جب وزیراعظم شہباز شریف نے نعرہ لگایا میں ریاست کو بچاؤں گا، مسلم لیگ (ن) نے مشکل معاشی حالات میں اقتدار سنبھالا۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن میں بھی میثاق جمہوریت کی بات کی اور حکومت میں بھی۔عطا تارڑ نے کہا کہ اپوزیشن کے ممبران نے بھی اچھی تجاویز دیں، شرح سود اگر 22 فیصد پر رہتا تو ملک کے آج کیا حالات ہوتے؟، معاشی استحکام راتوں رات نہیں آیا، آج میکرو اکنامک استحکام آیا ہے تو اسے تسلیم تو کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات کی گئیں، صرف شوگر انڈسٹری سے 60 ارب روپے ریکور کیے گئے، گزشتہ سال ایف بی آر کی ٹیم نے محنت کی اور 8 سو ارب روپے ریکور کیے گئے، پہلے کسٹم کلیئرنس میں ہفتوں لگتے تھے، اب فیس لیس سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بجٹ میں غریب آدمی کیلئے کوئی ٹیکس نہیں، بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے، ہاؤسنگ سیکٹر کو بجٹ میں خصوصی ریلیف دیا ہے، وزیراعظم نے ایکسپورٹرز کے لیے سپر ٹیکس کو ختم کیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں سے مشاورت کے بعد فیصلے کیے گئے، زرعی شعبے کے لوگوں کو بلا کر ان سے تجاویز لی گئیں، بجٹ میں ہر طبقے کی ڈیمانڈ کو پورا کیا گیا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ہم ایسی معیشت بنیں گے کہ ساری دنیا دیکھے گی، پوری دنیا معترف ہے کہ پاکستان نے امن کے لیے کردار ادا کیا، آج پاکستان کی عزت ہے، معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر کوئی بجٹ پر مثبت بات کر رہا ہے، بجٹ پر تنقید اور احتجاج اپوزیشن کا حق ہے، بجٹ میں مثبت اقدامات کی تعریف ضرور ہونی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں