بجٹ

وفاقی بجٹ، سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن کےلئے ریلیف پیکج کا اعلان

اسلام آباد(کامرس رپورٹر ) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وفاقی ملازمین، مسلح افواج اور پنشنرزکےلئے ریلیف پیکج کا اعلان کردیا۔فنانس بل کے مطابق نئے پے اسکیلز میں 2022 کے 15 فیصد اور 2025 کے 10 فیصد ایڈہاک ریلیف کو بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جائے گا، تمام وفاقی سرکاری ملازمین کو رننگ بیسک پے پر 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاﺅنس دیا جائے گا، اسکیل ایک اور 22 تک کے ملازمین کو ڈسپیریٹی ریڈکشن الاونس 2026 بنیادی تنخواہ کا 15 فیصد ملے گا۔

فنانس بل کے مطابق کنوینس الاونس میں موجودہ رقم سے 50 فیصد اضافہ کیا جائے گا جب کہ سول آرمڈ فورسز کے لئے کانسٹینٹ اٹینڈنٹ الاونس 7000 روپے سے بڑھا کر 30000 روپے کردیا گیا ہے۔کابینہ ڈویژن کے افسران اور عملے کی اسپیشل پے 6000 روپے سے بڑھا کر 20 ہزار روپے ماہانہ کردی گئی ہے۔اس کے علاوہ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے اسکیل ایک تا 22 کے ملازمین کا اسپیشل الاونس 10 سے بڑھا کر 50 فیصد کردیا گیا ہے۔اسپیشل کنوینس الاونس 6000 روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کردیا گیا جب کہ تمام پنشنرز کی بیس لائن پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا جائے گا اور یہ تمام ریلیف اقدامات یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں