وزیرِ اعلی خیبرپختونخوا

وزیر اعلیٰ کے پی کا وفاق سے کالام روڈ منصوبہ مکمل کرنے کا مطالبہ

پشاور (نیوز ڈیسک) وزیرِ اعلی خیبر پختون خوا سہیل آفریدی نے وفاق سے کالام روڈ کا منصوبہ مکمل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ وزیرِ اعلی کے پی سہیل آفریدی نے کالام روڈ سے متعلق وفاقی وزیر کو خط میں لکھا ہے کہ این 95 کالام روڈ 2022 کے سیلاب میں 7 مختلف مقامات پر شدید متاثر ہوا، روڈ کے متعدد حصے عارضی بحالی کے بعد دوبارہ خراب ہیں۔

انہوں نے لکھا ہے کہ خستہ حال سڑک کے باعث مقامی آبادی اور سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے، کالام روڈ پر سفر خطرناک اور دشوار ہو چکا ہے، این 95 کالام روڈ پر تعمیراتی کام فوری مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔

سہیل آفریدی نے خط میں لکھا ہے کہ این 95 منصوبہ سیاحتی سیزن سے قبل مکمل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، اگر وفاق کو مالی یا انتظامی رکاوٹ درپیش ہو تو این او سی جاری کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ این او سی ملنے پر خیبر پختون خوا حکومت اپنے وسائل سے کام مکمل کرے گی، کالام روڈ کی بحالی علاقائی رابطوں اور سیاحت کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں