ہیلی کاپٹر

امریکی افواج کی ہیلی کاپٹر کو گرائے جانے کے جواب میں ایران میں کارروائی ،شدید فضائی اور میزائل حملے

واشنگٹن،تہران (انٹرنیشنل نیوز )امریکی افواج نے اپنے اپاچی ہیلی کاپٹر کو گرائے جانے کے جواب میں جنوبی ایران پر شدید فضائی اور میزائل حملے کئے ہیں جس کے جواب میں تہران نے بحرین میں موجود امریکی بحری فوج کے پانچویں بیڑے (ففتھ فلیٹ ) کو ڈرونز سے اور اردن میں ایک فضائی اڈے کو میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے،سینٹکام نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کے خلاف جوابی حملوں کا سلسلہ مکمل کر لیا ہے۔

عالمی میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا کہ اس کی افواج نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر تہران کے وقت آدھی رات کے بعد، ایران کے خلاف سیلف ڈیفنس سٹرائیکس شروع کی ہیں۔جنوبی ایران میں بدھ کی صبح فضائی حملوں کے بارے میں فاکس نیوز سے بات کرتے ہوئے، امریکی حکام نے کہا کہ دیگر مقامات کے علاوہ حملوں میں 20 اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جو بظاہر مختصر وقفوں پر تین لہروں میں کیے گئے تھے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے بیان میں کہا ہے کہ امریکی افواج نے ایک ہیلی کاپٹر کو گرائے جانے کے جواب میں ایران میں کارروائی کی ہے۔ یہ مشن بلا جواز ایرانی جارحیت کے تناسب میں ایک جواب ہے۔سینٹکام نے کہا کہ گرائے گئے امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر کے دونوں عملے کو ایک امریکی سمندری ڈرون کے ذریعے بچا لیا گیا

یہ پہلا موقع ہے کہ امریکی فوج نے عوامی طور پر تصدیق کی کہ اس نوعیت کی کارروائی میں اس قسم کے جہاز کا استعمال کیا گیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوجی ہیلی کاپٹر گرانے کے جواب میں امریکا کے ایران پر حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے ہمارا ہیلی کاپٹر مار گرایا، اب ہم جواب دے رہے ہیں۔صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ میں چاہتا ہوں امریکی ہیلی کاپٹر گرانے کے جواب میں ایران کو بھرپور جواب دیاجائے۔امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے ہمارا ہیلی کاپٹر مار گرایا اور اس وقت ہم جواب دے رہے ہیں، یقین ہے ایران کو جواب بہت مضبوط، بہت طاقتور ہوگا اور ایسا ہی یہ ہے بھی۔ ادھر امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملے سے پہلے اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کو ٹیلے فون کال کی تھی۔ روسی میڈیا کے مطابق یہ کال اب سے کچھ دیر پہلے کیے گئے حملوں سے پہلے کی گئی۔ ر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چاہتا ہوں امریکی ہیلی کاپٹر گرانے کے جواب میں بھرپور جواب دیا جائے۔

ایران نے تصدیق کی ہے کہ ملک کے جنوبی شہروں جیسا کہ جسک اور بندر عباس کے آس پاس، مناب، سرک اور کوہ مبارک کے دیہاتوں کو نشانہ بنایا گیا، لیکن اس نے ان تنصیبات یا مقامات کی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں جن پر حملہ کیا گیا ہے۔تاہم ہرمزگان میں مقامی حکام نے اطلاع دی ہے کہ سرک کے دیہات میں پانی کے دو ذرائع کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ہرمزگان پراونشل واٹر اینڈ ویسٹ واٹر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا ہے کہ آج صبح امریکی حملوں کے بعد سرک کاﺅنٹی میں پانی کی تقسیم کا اہم انفراسٹرکچر تباہ ہو گیا ہے۔عبدالحمید حمزہ پور نے کہا کہ ان حملوں میں، ضلع بیمانی میں دو سٹریٹجک آبی ذخائر کو نشانہ بنایا گیا اور مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ جنھوں نے ضلع بیمانی اور کوہستک شہر کو پینے کا پانی فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ فی الحال، ضلع بیمانی اور کوہستک شہر کے تمام دیہات میں پانی کی تقسیم کا عمل روک دیا گیا ہے۔دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تشدد کو بڑھاوا دینے والی امریکی حکومت نے بدھ کی علی الصبح جسک، سرک اور قشم کے کئی مقامات پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں سرک میں ایک مواصلاتی ٹاور کو نقصان پہنچا اور شہری سپلائی کے پانی کے دو ٹینک تباہ ہو گئے۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق امریکی حملوں کے جواب میں بحرین میں موجود امریکی ففتھ فلیٹ پر ڈرون حملہ کیا گیا۔ امریکی جارحیت برقرار رہی تو مزیدسخت جواب دیا جائے گا۔روسی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ ایران نے جم علاقے پر امریکا کا ایم کیو9 ڈرون تباہ کردیا ہے جبکہ ایرانی میڈیا نے کہا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب نے اردن میں امریکی اڈے کو میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ اردن میں امریکی الازرق فوجی اڈے پر میزائل حملہ کیا،الازرق اڈے پر چار اہداف کو نشانہ بنایا، اہداف میں ایف35 ہینگرز اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر شامل ہے،پاسداران انقلاب کے مطابق حملے میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل استعمال کیے گئے۔اس کے علاوہ کویت میں علی السالم فوجی اڈے کو ڈرون حملے سے نشانہ بنایا۔ ایرانی فوجی کمان خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے میں بعض امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے، کارروائی جنوبی ایران میں امریکی جارحیت کے جواب میں کی گئی۔فارس نیوز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ پاسداران انقلاب نے اردن میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ کیا ہے۔ پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز میں جاری فضائی لڑائی کے دوران ایک ایم کیو-9 ڈرون کو مار گرایا ہے۔پاسداران انقلاب کے مطابق ڈرون کا مقصد شمالی خلیج فارس کے آسمان سے میدان جنگ میں داخل ہونا اور مداخلت کرنا تھا۔ایرانی میڈیا نے پاسداران انقلاب کے حوالے سے یہ کہا ہے کہ ڈرون جام کا ﺅنٹی، بوشہر صوبے کی فضا میں تباہ کیا گیا ہے۔

سینٹکام نے ابھی تک اس دعوے کا جواب نہیں دیا ہے۔پاسداران انقلاب کا بحرین میں امریکی بحریہ کے اڈے پر حملے کے اعلان، کے بعد بحرین کی وزارت داخلہ نے عوام پر زور دیا کہ وہ پرسکون رہیں اور قریبی محفوظ مقام پر جائیں۔اس سے قبل پاسداران انقلاب نے اعلان کیا تھا کہ اس نے بحرین میں امریکی بحریہ کے اڈے پر حملہ کیا۔تسنیم خبررساں ادارے نے پاسداران انقلاب کے حوالے سے بتایا ہے کہ دشمن کے مذموم اقدام کے جواب میں، پاسداران انقلاب کی بحری افواج نے بحرین کے پانچویں بحری بیڑے پر صبح ڈھائی بجے ڈرون حملہ کیا۔پاسداران انقلاب کے بیان میں جھڑپوں کے جاری رہنے کا اعلان کیا گیا اور کہا گیا کہ اگر برائی جاری رہی تو سخت ردعمل سامنے آئے گا۔ایران میں پاسدارانِ انقلاب کے سے منسلک سمجھے جانے والے خبر رساں اداروں نے اردن میں امریکی اڈوں پر میزائل حملوں کی اطلاع دی ہے۔

بی بی سی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے دعوی کیا ہے کہ اس نے اردن میں جدید امریکی ایف-35 لڑاکا طیاروں کے ہینگرز کو خیبر شکن ٹھوس ایندھن والے میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔ فارس نیوز ایجنسی نے پاسدارانِ انقلاب کے حوالے سے کہا کہ علاقے میں امریکی فضائی اور بحری اڈوں پر 21 اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔خبر رساں ادارے نے ان حملوں اور ان کے بعد ہونے والے دھماکوں سے منسوب ویڈیوز بھی شائع کی ہیں تاہم بی بی سی فی الحال آزادانہ طور پر ان تصاویر کی تصدیق کرنے سے قاصر ہے۔اردن کی مسلح افواج کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایران سےالازرق کی جانب داغے گئے 5 میزائل تباہ کر دئیے گئے۔اردنی فوج کے مطابق میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے فضا ہی میں مارگرایاگیا اور میزائلوں کا ملبہ مختلف علاقوں میں گرا تاہم کوئی جانی یامالی نقصان نہیں ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں