اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) ملک میں مئی 2026 کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 4.25 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئیں جو ملکی تاریخ میں ایک ماہ کے دوران آنے والی سب سے زیادہ رقم ہے۔وزارت خزانہ سے جاری اعداد و شمار کے مطابق مئی میں ترسیلاتِ زر میں گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 20 فیصد سے زائد جبکہ گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 15 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رواں مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ (جولائی تا مئی) کے دوران مجموعی ترسیلاتِ زر 38.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہیں۔وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہےکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلاتِ زر میں یہ نمایاں اضافہ ملکی معیشت پر اعتماد کا اظہار ہے، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر اور بیرونی شعبے کے استحکام کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔
انھوں نے کہا موجودہ مالی سال کے اختتام میں ایک ماہ باقی رہ جانے کے باعث امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سالانہ ترسیلاتِ زر پہلی مرتبہ 41 ارب ڈالر کی سطح سے بھی تجاوز کر سکتی ہیں۔