سندھ حکومت

سندھ حکومت کا ٹرانسپورٹرز کیلئے سہولت ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ

کراچی(کامرس ڈیسک)حکومت سندھ نے ٹرانسپورٹرز کو سہولت فراہم کرنے کےلئے نیو سبزی منڈی میں خصوصی ون ونڈو فیسلیٹیشن ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے اجلاس میں بتایا کہ نیو سبزی منڈی میں قائم کیے جانے والے اس فیسلیٹیشن ڈیسک کا مقصد کراچی آنے والی مال بردار گاڑیوں کو روٹ پرمٹ، فٹنس سرٹیفکیٹ اور دیگر ضروری دستاویزات کے اجرا اور تجدید کی سہولت ایک ہی جگہ فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد 30 جون 2026 تک زیادہ سے زیادہ کمرشل اور مال بردار گاڑیوں کو حکومت سندھ کے ڈیجیٹل اور آٹومیشن نظام میں شامل کرنا ہے تاکہ قانونی تقاضوں کی تکمیل اور ٹرانسپورٹرز کو بروقت سہولتوں کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔شرجیل انعام میمن کا کہناتھا کہ فیسلیٹیشن ڈیسک کو آئندہ ہفتے کے دوران مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا، جس کےلئے عملہ تعینات کیا جا رہا ہے جبکہ ٹرانسپورٹرز کی آگاہی کے لئے بینرز اور عوامی نوٹسز بھی جاری کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ عوامی خدمات اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مکمل ڈیجیٹائزیشن کے وژن پر تیزی سے عمل پیرا ہے، نیو سبزی منڈی میں فیسلیٹیشن ڈیسک کے قیام سے ٹرانسپورٹرز کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے سے نجات ملے گی، ڈیجیٹل روٹ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس کے نظام سے وقت اور اخراجات میں بھی نمایاں بچت ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں