فٹبال میچ

فٹبال میچ کے دوران ڈنمارک کے کھلاڑی کو دل کا دورہ

کوپن ہیگن(سپورٹس نیوز )ڈنمارک کے مایہ ناز فٹبال کھلاڑی کرسچن ایرکسن یوکرین کے خلاف ایک دوستانہ میچ کے دوران اچانک گراﺅ نڈ میں گر گئے جس کے بعد میچ کو فوری طور پر منسوخ کر دیا گیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق 34 سالہ ایرکسن میچ کے 79ویں منٹ میں اچانک سینے کو پکڑتے ہوئے زمین پر گر گئے۔

جیسے ہی یہ منظر دیکھا گیا، کھلاڑیوں اور آفیشلز میں فوری طور پر پریشانی پھیل گئی اور طبی عملہ فورا میدان میں پہنچ گیا۔ اس وقت ڈنمارک کو یوکرین کے خلاف 2-1 کی برتری حاصل تھی۔ڈنمارک فٹبال فیڈریشن نے بعد میں سوشل میڈیا پر بتایا کہ ایرکسن ہوش میں ہیں اور ان کی حالت نگرانی میں ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ وہ طبی دیکھ بھال میں ہیں اور فی الحال ان کی حالت تسلی بخش ہے۔ بعد ازاں انہیں مزید معائنے کےلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایرکسن کچھ دیر کے لئے بے ہوش ہوئے تھے تاہم علاج کے بعد جلد ہوش میں آ گئے اور خود چل کر میدان سے باہر گئے۔ ٹیم کے ڈاکٹر کے مطابق ان کی حالت مستحکم ہے اور ان کا پیس میکر صحیح کام کر رہا ہے۔

یہ دوسری بار ہے جب یہ کھلاڑی میچ کے دوران اس طرح گراﺅنڈ میں گرے ہیں۔ اس سے پہلے سال 2021 میں ہونے والے یورو کپ کے ایک میچ میں بھی انہیں دل کا دورہ پڑا تھا جہاں طبی عملے نے فوری طور پر ان کے دل کی دھڑکن کو بحال کر کے ان کی جان بچائی تھی۔اس واقعے کے بعد یہ خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے کہ شاید وہ اب کبھی دوبارہ فٹبال نہیں کھیل سکیں گے، لیکن انہوں نے اپنے دل میں ایک خاص طبی آلہ پیس میکر لگوانے کے بعد شاندار واپسی کی اور مختلف نامور کلبوں کی طرف سے کھیلنا جاری رکھا۔وہ برینٹ فورڈ اور بعد میں مانچسٹر یونائیٹڈ سے بھی وابستہ رہے اور اس وقت جرمن کلب وی ایف ایل وولفسبرگ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور اسٹاف میدان میں اکٹھے ہوئے اور صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ ڈنمارک کے کپتان نے کہا کہ سب نے فوری اور ذمہ دارانہ ردعمل دیا اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ ایرکسن کی حالت بہتر ہے۔ڈنمارک کے ٹیم ڈاکٹر نے بھی تصدیق کی کہ کھلاڑی کو مزید طبی معائنے کے لیے اسپتال رکھا گیا ہے اور ان کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایرکسن نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو بھی پیغام دیا ہے کہ وہ خیریت سے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں