اسلام آباد(نیوز ڈیسک )پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل نیر بخاری نے الیکشن کمیشن سے گلگت بلتستان کے تمام زیرِ التوا انتخابی نتائج فوری طور پر جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔نیر بخاری نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کی انتخابی برتری کو متنازع بنانے کے لیے نتائج میں تاخیر اور تبدیلی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جی بی اے 16 اور جی بی اے 17 سمیت کئی حلقوں میں کامیابی کے باوجود نتائج روکے گئے۔نیر بخاری کا کہناتھاکہ گلگت بلتستان کے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے کی منظم سازش جاری ہے اور جن نشستوں پر پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کر چکی ہے، وہاں نتائج کے اعلان میں بلاجواز تاخیر کی جا رہی ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوامی مینڈیٹ چرانے کی کوششیں بند نہ کی گئیں تو پیپلز پارٹی احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی۔