جاوید قصوری

ملک اسوقت شدید معاشی، سیاسی اور سماجی بحرانوں کی لپیٹ میں ہے’ جاوید قصوری

لاہور (نیوز ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک اس وقت شدید معاشی، سیاسی اور سماجی بحرانوں کی لپیٹ میں ہے جبکہ مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی و گیس کے بھاری بلوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، وفاقی حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے اور ایسے اقدامات کرے جن سے عام آدمی کی مشکلات میں کمی آسکے،حکمران طبقے کی ناقص معاشی پالیسیوں کے باعث مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے جبکہ عام شہری کی آمدن میں کوئی اضافہ نہیں ہوا،اشیائے خورونوش، ادویات، تعلیمی اخراجات اور ٹرانسپورٹ کے بڑھتے ہوئے نرخوں نے متوسط اور غریب طبقے کو شدید پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے، لاکھوں نوجوان ڈگریاں حاصل کرنے کے باوجود روزگار سے محروم ہیں، جس کی وجہ سے ان میں مایوسی بڑھ رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ زراعت، صنعت اور تجارت کے شعبے مشکلات کا شکار ہیں۔ کسانوں کو اپنی فصلوں کی مناسب قیمت نہیں مل رہی جبکہ صنعتکار بڑھتے ہوئے پیداواری اخراجات اور توانائی بحران کی وجہ سے مشکلات سے دوچار ہیں۔ اگر حکومت نے معیشت کو درست سمت میں لانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے تو مسائل مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ آئندہ بجٹ عوام دوست ہونا چاہیے۔ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کا اضافی بوجھ ڈالنے کے بجائے مراعات یافتہ طبقے کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے، بجلی اور گیس کے نرخوں میں کمی کی جائے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تعلیم، صحت اور سماجی بہبود کے شعبوں کے لیے زیادہ فنڈز مختص کیے جائیں تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات بہتر انداز میں فراہم کی جا سکیں۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی اور حکومت کو عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی اور ایسی پالیسیاں اختیار کرنا ہوں گی جو ملک کو معاشی استحکام اور عوام کو خوشحالی کی طرف لے جائیں۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں