لبنان (انٹرنیشنل نیوز)امریکی ثالثی میں لبنان اور اسرائیل کے جنگ بندی مذاکرات میں جنگ بندی پر اتفاق کے باوجود لبنان پر اسرائیلی حملے جاری ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے جنوبی لبنان میں گاڑی پر ڈرون حملہ کردیا ، حملے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔دوسری جانب امریکی ثالثی میں لبنان اور اسرائیل کے جنگ بندی مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
فریقین نے جنگ بندی برقرار رکھنے اور بات چیت کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کرلیا۔ 22 جون کو دوبارہ بات چیت کی میز پر بیٹھیں گے۔اعلامیے کے مطابق جنگ بندی حزب اللہ کی جانب سے حملوں کے مکمل خاتمے اور لیطانی سیکٹر سے تمام اہلکاروں کے انخلا سے مشروط ہے۔
فریقین نے امریکا کی ثالثی میں ایسے پائلٹ زون بنانے پر اتفاق کیا ہے جہاں لبنانی فوج کو مکمل اور خصوصی کنٹرول حاصل ہوگا۔ تمام غیر ریاستی عناصر کو وہاں سے نکالا جائے گا۔بیان کے مطابق تمام ممالک نے اس بات کی توثیق کی کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان تعلقات کا مستقبل دونوں خود مختار حکومتوں کو ہی طے کرنا چاہیے۔ انھوں نے کسی بھی ریاست یا غیر ریاستی عناصر کی جانب سے لبنان کے مستقبل کو یرغمال بنانے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کر دیا۔