کنگنا رناوت

پہلی فلم کے بولڈ مناظر پر والدین پریشان ہوگئے تھے ‘ کنگنا رناوت

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنے فلمی کیریئر کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی پہلی فلم میں شامل بولڈ مناظر نے ان کے والدین کو خاصی پریشانی میں مبتلا کر دیا تھا۔اداکارہ کے مطابق ان کے قدامت پسند خاندان کے لیے فلمی دنیا کو قبول کرنا آسان نہیں تھا اور ابتدا میں ان کے کام کو شکوک کی نظر سے دیکھا جاتا تھا۔

ایک حالیہ انٹرویو میں کنگنا رناوت نے اپنی ڈیبیو فلم گینگسٹر کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ 2006 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں ان کے چند جرات مندانہ مناظر بھی شامل تھے۔ فلم دیکھنے کے بعد ان کے والد کا ردعمل غیر متوقع تھا کیونکہ انہوں نے اس بارے میں کچھ نہیں کہا اور مکمل خاموشی اختیار کرلی۔کنگنا کے مطابق جب انہوں نے اپنی والدہ سے فلم کے بارے میں رائے پوچھی تو والدہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عمر ابھی بہت کم تھی اور فلم میں ان سے ایسے مناظر کروائے گئے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس جواب نے انہیں مایوس کیا کیونکہ وہ سمجھتی تھیں کہ ان کی والدہ پوری فلم اور ان کی اداکاری کو دیکھیں گی، لیکن ان کی توجہ صرف انہی مناظر پر مرکوز رہی۔

اداکارہ نے کہا کہ اس وقت ان کے والدین کو فلم کی کہانی یا ان کی فنی صلاحیتوں سے زیادہ اس بات کی فکر تھی کہ معاشرہ اور برادری کے لوگ اس بارے میں کیا رائے قائم کریں گے۔کنگنا رناوت نے مزید بتایا کہ ان کے گھر میں فلمی شخصیات سے متعلق خبروں کو بھی پسند نہیں کیا جاتا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں