فٹ ویئر انڈسٹری

چینی کمپنیوں کی پاکستان کو فٹ ویئر انڈسٹری کی جدید ٹیکنالوجی منتقل کرنے میں تعاون کی پیشکش

لاہور(کامرس ڈیسک)چین میں منعقدہو نے والی جسما گوانگ ژو نمائش میں شریک چینی کمپنیوں نے پاکستان کو فٹ ویئر انڈسٹری کی جدید ٹیکنالوجی منتقل کرنے اور صنعتی ترقی میں غیر معمولی تعاون کی پیشکش کی ہے ۔پاکستان انڈسٹریل سیونگ مشینز امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن (پسمیڈا)کے چیئرمین محمد یاسین نے بتایا کہ صدر جسما گوانگ ژو نمائش ژان منگ اورچینی کمپنیوں کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں پاکستان کو جدید فٹ ویئر مشینری، آلات اور اسیسریز کی ٹیکنالوجی فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی گئی ہے ۔

نمائش میں پیش کی جانے والی جدید مشینری کی پیداواری صلاحیت غیرمعمولی تھی اور ایسی ٹیکنالوجی شاید ہی پاکستان میں موجود ہو جبکہ بنگلہ دیش، بھارت اور ویتنام اس سے بھرپور استفادہ کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پسمیڈا اور جسما کے درمیان پانچ سالہ تعاون کا معاہدہ موجود ہے جبکہ آئندہ سال پاکستان میں بھی اسی نوعیت کی نمائش کے انعقاد کیلئے ابتدائی بات چیت ہوئی ہے جس میں چینی کمپنیوں کی بھرپور شرکت متوقع ہے۔جسما کی فارنر ٹریڈ مینیجر مس زوئے چوکے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے محمد یاسین نے کہا کہ چینی اداروں نے پاکستان کی صنعتوں کی اپ گریڈیشن میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے عالمی معیار کی مصنوعات تیار کر کے برآمدات اور قیمتی زرِمبادلہ میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ محمد یاسین نے بتایا کہ عالمی نمائش میں پاکستان کے چھ رکنی وفد نے شرکت کی اور بعد ازاں چین کے مختلف شہروں میں صنعتی اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کر کے جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی ، پاکستان کے لئے متوقع مواقعوں اورہنر مندوں کی تربیت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ حکومت سے اپیل ہے کہ اس پیشکش کو سنجیدگی سے لیا جائے اور جدید ٹیکنالوجی پاکستان منتقل کرنے کیلئے پیش کئے تعاون سے استفادہ کیا جائے جس سے ہماری صنعتیں عالمی معیار کے مطابق پیداواری صلاحیت حاصل کر کے برآمدات کرنے کے قابل ہو سکیں گی ۔

جسما کی فارنر ٹریڈ مینیجر مس زوئے چونے کہا کہ وہ پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان مضبوط روابط اور تعاون کے فروغ کی خواہشمند ہیں ۔ پاکستانی کمپنیوں کو چینی کمپنیوں کی جانب سے پیشکش سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے اور اس کے لئے وہ اپنا بھرپو ر تعاون فراہم کریں گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں