کراچی (نیوز ڈیسک) سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ فاروق ستار فرسودہ اسکرپٹ کے ذریعے عوام کو مزید گمراہ نہیں کر سکتے۔فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر ردِعمل دیتے ہوئے سعدیہ جاوید نے کہا کہ فاروق ستار الزامات کی ہانڈی بار بار نہیں چڑھتی، جب آپ کے پاس پاور تھا تب شہر کو ملبہ بنایا، اب بنتا ہوا شہر آپ سے دیکھا نہیں جاتا۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ جو جماعت برسوں بھتا خوری اور خوف کی علامت رہی، آج کس منہ سے بات کر رہی ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہی شہر کو بھتا خوروں اور مافیا سے نجات دلا کر امن واپس لوٹایا، ایم کیو ایم کے تربیت یافتہ شرپسند عناصر دوبارہ سر اٹھانا چاہتے ہیں، امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو قانون کے تحت سختی سے روکیں گے۔ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ فاروق ستار کی یادداشت کمزور ہے، کے ایم سی کو کس نے کنگال کیا؟ عوام جانتے ہیں۔
ہل پارک اور دیگر تفریحی مقامات پر کسی کو غیر قانونی کام کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہل پارک ہو یا گل پلازا، قانون کا ہتھوڑا سب پر برابر چلے گا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں شہر کو کنکریٹ کا جنگل بنانے اور 12 مئی کے ذمے دار آج پارسا بن رہے ہیں، منفی اور الزام تراشی کی سیاست کا وقت ختم، اب فیصلہ صرف میرٹ اور کارکردگی پر ہو گا۔ان کا کہنا ہے کہ وسیم اختر سیاست چھوڑنے کی دھمکی نہ دیں، عوام پہلے ہی آپ کو مسترد کر چکے ہیں۔ کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔