چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا پاک،امریکہ تعلقات کے فروغ اور دوطرفہ تعاون میں توسیع پر زور

لاہور(نیوز ڈیسک) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تعلقات کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور مستقبل پر مبنی تعاون پر استوار ہیں۔

یہ بات انہوں نے لاہور میں امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں پاک۔امریکہ تعلقات، تجارتی روابط، سرمایہ کاری، وفود کے تبادلوں اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی روابط کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی، معدنیات، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔یوسف رضا گیلانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار پر اعتماد کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو تاریخی اسلام آباد مذاکرات کی میزبانی پر فخر ہے، جنہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان براہِ راست رابطے کے لیے ایک اہم موقع فراہم کیا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تعمیری سفارت کاری کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا، جبکہ پاک۔امریکہ تعلقات کو مزید وسعت دے کر باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں