جے ڈی وینس

ایران کیساتھ ابھی معاہدہ نہیں ہوا ، دونوں ممالک معاہدے کے بہت قریب ہیں،جے ڈی وینس

واشنگٹن(انٹرنیشنل نیوز) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ابھی معاہدہ نہیں ہوا ،دونوں ملک معاہدے کے بہت قریب واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو میں امریکی نائب صدر نے کہا کہ ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے، امریکا اور ایران جنگ بندی میں توسیع کے معاہدے پر کافی پیش رفت ہوئی ہے۔جے ڈی وینس نے کہا کہ ہم چند نکات پر بات چیت کر رہے ہیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ ابھی معاہدے کی منظوری کے لیے تیار نہیں، مزید پیش رفت کے بعد صدر معاہدے کی توثیق کی پوزیشن میں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملک معاہدے کے بہت قریب ہیں۔

امریکا اس پوزیشن میں ہے کہ تہران کے جوہری پروگرام کو پیچھے دھکیل سکتا ہے۔جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ یہ کہنا مشکل ہے کہ صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ مفاہمتی یاداشت پر کب دستخط کریں گے۔اس سے قبل امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے دعوی کیا تھا کہ امریکی اور ایرانی مذاکرات کاروں کے درمیان جنگ بندی میں توسیع اور ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات شروع کرنے کے لیے 60 روز ہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر اتفاق ہو گیا۔

امریکی نیوز ویب سائٹ نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تاحال اس کی حتمی منظور ی نہیں دی۔ویب سائٹ کے مطابق اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط جنگ کے آغاز کے بعد سب سے بڑی سفارتی پیشرفت ہوگی تاہم ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق ٹرمپ کے مطالبات کو پورا کرنے کے لیے حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے مزید سخت اور تفصیلی مذاکرات درکار ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں