بیجنگ (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ۔اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے چینی ہم منصب لی چیانگ کی دعوت پر چین کا 4 روزہ سرکاری دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی اور باضابطہ مذاکرات بھی کیے۔
دونوں ممالک نے اسٹریٹجک تعاون پرمبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اورعلاقائی و عالمی امور پر وسیع اتفاق ہوا،دونوں فریقین نے پاک چین دوستی کو دونوں ممالک اورعوام کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بدلتے عالمی و علاقائی حالات کے باوجود یہ تعلق چٹان کی طرح مضبوط ہے۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی تقریب میں بھی شرکت کی اور صوبہ ژی جیانگ کے شہر ہانگژو کا دورہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف چین کا چار روزہ دورہ مکمل کرکے وطن روانہ ہوگئے،چینی وزارتِ خارجہ کی نائب وزیراورچین سی ای ای سی تعاون سیکرٹریٹ کی سیکرٹری نے الوداع کیا۔