لاہور(نیوز ڈیسک )سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ یومِ تکبیر منانے کا مقصد پاکستان کی خودمختاری، دفاعی مضبوطی اور قومی وقار کے دن کو یادگار بنانا ہے۔
لاہور میں جنرل کیڈرز ڈاکٹرز ایسوسی ایشن، علامہ اقبال میڈیکل کالج اورجناح ہسپتال کے زیر اہتمام یومِ تکبیر کے حوالے سے قومی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اگر پاکستان کے پاس ایٹمی صلاحیت نہ ہوتی تو بھارت جنوبی ایشیا میں اپنی بالادستی قائم رکھنے کی کوشش کرتا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نسلی برتری کے دعوے کرتا رہا ہے اور اپنے دفاعی نظام پر فخر کرتا آیا ہے، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اکھنڈ بھارت کا نعرہ لگا کر خطے کے دیگر ممالک پر بالادستی کا تصور پیش کیا، تاہم بھارتی سیاست میں پاکستان مخالف بیانیے پر انتخابات لڑے جاتے ہیں جبکہ بھارتی آرمی چیف کا پاکستان کو نقشے سے مٹانے کا بیان افسوسناک ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ وہ جنگ کے سخت مخالف ہیں کیونکہ جنگ بارود، تباہی اور انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتی ہے، تاہم اگر کوئی ملک پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کرے تو بھرپور جواب دینا ضروری ہوجاتا ہے۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ جنگوں کا امتحان صرف جنگ سے نہیں لیا جاتا بلکہ مضبوط دفاعی صلاحیت ہی امن کی ضمانت بنتی ہے، ایٹمی جنگ کی صورت میں صرف شہر ہی تباہ نہیں ہوں گے بلکہ آنے والی نسلیں، ماحول اور نباتاتی حیات بھی شدید متاثر ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ہمسایہ ملک اس کی آزادی اور خودمختاری کو دل سے تسلیم نہیں کرتا، اسی لیے قومی دفاع کو ہر صورت مضبوط رکھنا ہوگا، اگر زندگی اور خودمختاری میں انتخاب کرنا پڑے تو وہ خودمختاری کا انتخاب کریں گے۔ انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور یورینیم افزودگی کے معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی طاقتیں آج بھی ایٹمی صلاحیت کے معاملے پر حساس رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔مزید برآں، سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ یومِ تکبیر، معرکہ حق اور پاکستان کی دفاعی طاقت کے دن کو قومی جذبے کے ساتھ منانا ضروری ہے۔