پاکستان

پاکستان سمیت 10 ممالک کے وزرائے خارجہ کی گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان سمیت10 ممالک نے غزہ امدادلے کر جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیلی خلاف ورزیوں پراحتساب یقینی بنانے کےلئے عملی اقدامات کیے جائیں اور اسرائیل کو سزا سے استثنی کے خاتمے کےلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔مشترکہ مذمتی بیان پاکستان، ترکیے، بنگلادیش، برازیل، کولمبیا، انڈونیشیا، اردن، لیبیا، مالدیپ اور اسپین کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے ۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ گلوبل صمود فلوٹیلا ایک پرامن شہری اور انسانی ہمدردی پر مبنی اقدام ہے، اس کا مقصد فلسطینیوں کی سنگین انسانی مشکلات پرعالمی توجہ مبذول کروانا ہے۔

مذمتی بیان میں شہری کشتیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو نشانہ بنانے والے مسلسل اقدامات کی مذمت کی گئی ہے۔مشترکہ مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ کشتیوں پر حملے،کارکنوں کی گرفتاری عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، اسرائیل گرفتار تمام کارکنوں کو فوری طور پر رہا کرے،گرفتار تمام کارکنوں کے حقوق اور وقار کا مکمل احترام یقینی بنایا جائے۔

دس ممالک کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ پرامن انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں پرحملے عالمی قوانین اور آزاد جہازرانی کی خلاف ورزی ہیں، عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرے۔بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ ان اسرائیلی خلاف ورزیوں پراحتساب یقینی بنانے کےلئے عملی اقدامات کیے جائیں اور اسرائیل کو سزا سے استثنی کے خاتمے کےلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں