کراچی(نیوز ڈیسک)بلاول ہاﺅ س کے ترجمان سریندر ولاسائی نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پہلے اپنے داخلی انتشار اور بڑھتی ہوئی نفرت پر توجہ دے۔جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ خطے کی جغرافیہ اور تاریخ بدلنے کے خواب اب پرانے ہو چکے ہیں۔
سریندر ولاسائی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا کیونکہ پاکستان ایک خودمختار ایٹمی طاقت ہے اور اپنی سرحدوں کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور افواج ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کیلئے متحد اور تیار ہیں۔ ترجمان بلاول ہاﺅ س نے کہا کہ بھارت میں ذات پات، مذہبی امتیاز اور انسانی نابرابری انسانیت کیلئے شرمناک ہے جبکہ لاکھوں دلت، مسلمان اور اقلیتیں روزانہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی حکومت کے دور میں بھارت میں انتہاپسندی اور مذہبی نفرت میں اضافہ ہوا۔
سریندر ولاسائی نے نریندر مودی کو قصائیِ گجرات قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی بھارت کے خطرناک عزائم کو عالمی سطح پر بے نقاب کریں گے جبکہ پاکستان امن، استحکام اور علاقائی تعاون پر یقین رکھتا ہے۔