لاہور( نیوز ڈیسک)پاکستان کی فشریز برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور برآمدات کا سالانہ ہدف مالی سال ختم ہونے سے ڈیڑھ ماہ پہلے ہی حاصل کرلیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی فشریز برآمدات 50کروڑ ڈالر سے تجاوز کرچکی ہیں جبکہ جون میں مالی سال کے اختتام تک مجموعی سی فوڈ برآمدات 80کروڑ ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے،گزشتہ مالی سال کے دوران فشریز برآمدات تقریباً 40کروڑ ڈالر رہی تھیں۔ذرائع کے مطابق اس سال بھی پاکستان کی سب سے بڑی سی فوڈ مارکیٹ چین رہی جبکہ تھائی لینڈ، جاپان اوریورپی یونین میں بھی پاکستانی مچھلی کی برآمدات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
اس کے علاوہ یو اے ای اور وسط ایشیائی ممالک میں پاکستانی سی فوڈ کی طلب میں خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔وزارت بحری امور کے مطابق جولائی سیدسمبر تک فشریز برآمدات میں 21اعشاریہ 6فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ منجمد مچھلی کو سب سے بڑی برآمدی کیٹیگری قراردیا گیا۔