ایران

امریکا اور اسرائیل کیخلاف جنگ کے دوران یو اے ای نے خفیہ طور پر ایران پر حملے کیے، وال اسٹریٹ جرنل

واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل نے دعوی کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری جنگ کے دوران خفیہ طور پر ایران پر متعدد حملے کئے ۔امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے جنگ کے دوران ایران کے لاوان جزیرے پر واقع آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں شدید آگ بھڑک اٹھی اور ریفائنری عارضی طور پر بند ہوگئی۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ حملہ اپریل کے اوائل میں اس وقت کیا گیا جب امریکی صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان کرنے والے تھے۔اخبار کے مطابق ایک ذریعے کا کہنا تھا کہ امریکا نے خاموشی سے جنگ میں یو اے ای کی شمولیت کا خیرمقدم کیا۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ایران نے ان حملوں پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے یو اے ای اور کویت پر بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے کیے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ایران نے کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ 2800 حملے یو اے ای پر کیے جو اسرائیل پر کیے گئے حملوں سے بھی زیادہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان حملوں سے یو اے ای کی معیشت کو نمایاں نقصان پہنچا، ملازمین کی برطرفیوں اور جبری رخصتیوں میں اضافہ ہوا، ملک کی سکیورٹی حکمت عملی میں بنیادی تبدیلی آئی۔

یو اے ای کی وزارت خارجہ نے حملوں سے متعلق تبصرہ کرنے سے گریز کیا تاہم پہلے جاری بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عرب امارات کو ان کارروائیوں پر جواب کا حق حاصل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں