اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوبہ ٹیک سنگھ سے رکن پنجاب اسمبلی کرنل (ر)ایوب گادھی کے ڈیرہ پر فائرنگ کے واقعے پر اظہار تشویش و مذمت کیا ہے۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی جلد انکوائری مکمل کر کے ذمہ داران کا تعین کرنے اور مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایات جاری کی۔وزیراعظم نے کہا ایوب گادھی کا شمار مسلم لیگ کے محنتی کارکنوں میں ہوتا ہے، اپنے ڈیرے پر عوامی مسائل سنتے ہوے ان پر حملہ انتہائی قابل تشویش ہے۔
وزیراعظم نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کی اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی، اللہ واقعے میں زخمی افراد کو جلد صحتیابی دے۔یادرہےپنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تھانہ رجانہ کے علاقہ 184 گ ب میں مسلم لیگ ن کے رکنِ صوبائی اسمبلی کرنل(ر) سردار ایوب خان گادھی کے ڈیرے پر مسلح افراد نے دھاوا بول کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ ایم پی اے سمیت 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔