کراچی (نیوز ڈیسک)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ ریڈ کراس و ہلالِ احمر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے اور سماجی رضاکار معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت فلاحی اور امدادی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور قدرتی آفات و ہنگامی حالات میں رضاکاروں کی خدمات لائقِ تحسین ہیں۔
وزیراعلی سندھ کے مطابق صوبائی حکومت نے صحت، ریسکیو اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں اصلاحات اور اقدامات کو تیز کر دیا ہے۔ ایمبولینس سروس، ایمرجنسی رسپانس سسٹم اور طبی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت غریب اور مستحق خاندانوں کی معاونت کے لیے مختلف سماجی تحفظ کے پروگرامز چلا رہی ہے جبکہ خواتین، بچوں اور کمزور طبقات کے لیے خصوصی منصوبے ترجیحات میں شامل ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ حالیہ برسوں میں صحت کے شعبے میں تاریخی سرمایہ کاری کی گئی ہے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے ریڈ کراس اور ہلالِ احمر کے رضاکاروں کو انسانیت کی بے لوث خدمت کی روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسانیت، محبت اور خدمت کے جذبے کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
٭٭٭٭٭٭