خادم حسین

معرکہ حق میں پاک فوج نے بے مثال جرات، حکمت عملی ،قربانی کی نئی تاریخ رقم کی ‘ خادم حسین

لاہور(کامرس ڈیسک)فائونڈرز گروپ کے وائس چیئرمین ،پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈاورسابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں پاک فوج نے بے مثال جرات، حکمت عملی اور قربانی کی نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا ئے،پاکستان نے ایک بار پھر دنیا پر ثابت کر دیا کہ یہ قوم اپنے دفاع اور سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا۔ پاکستانی قوم ،بری، بحری اور فضائی افواج کے باہمی اتحاد نے دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا جبکہ پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔خادم حسین نے کہا کہ پاکستان کی کامیابی صرف عسکری فتح نہیں بلکہ قومی اتحاد، ایمان اور قربانی کی عظیم مثال ہے۔

دشمن نے پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری سمجھنے کی غلطی کی، مگر افواجِ پاکستان نے واضح کر دیا کہ وطنِ عزیز کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کا جواب پوری طاقت سے دیا جائے گا۔انہوں نے شہدا ء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے، پاکستان ایک مضبوط، باوقار اور ناقابلِ شکست ریاست کے طور پر دنیا کے سامنے کھڑا ہے،معرکہ حق کی کامیابی آنے والی نسلوں کے لیے جرات و بہادری کی روشن مثال بن گئی ہے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں