اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم اپنا گھر سکیم کا باضابطہ اجرا کرتے ہوئے قرض کے لیے اہل افراد کے درمیان بینک چیک تقسیم کر دیئے۔’وزیراعظم اپنا گھر سکیم’ کے تحت ایک کروڑ روپے تک قرض آسان شرائط پر دیا جا رہا ہے، اس سکیم کا اطلاق چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا گھر سکیم کے تحت قرض حاصل کرنے والے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ وزیر اعظم اپنا گھر سکیم کی تقریب میں شرکت میرے لیے باعث مسرت ہے، چھت کی فراہمی مقدس فریضہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست یا کسی بھی حکومت کیلئے عام آدمی کو چھت فراہمی انتہائی اہمیت کی حامل ہے، عام آدمی کو چھت کی فراہمی ہماری حکومت کی ترجیح ہے، گھر ہو تو اپنا،اس حوالے سے یہ تقریب انتہائی یادگار ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وزیر اعظم اپنا گھر سکیم کے تحت 20 سال کیلئے قرض دیا جائے گا، سکیم کو کامیاب بنانے میں بے حد محنت کی گئی، سکیم میں پہلے سال میں 50 ہزار گھر بنائے جائیں گے، آئندہ برسوں میں 5 لاکھ گھر بنانے کا منصوبہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومتی اکابرین اور نجی شعبے کی مشاورت سے سکیم کا اجراء کیا جا رہا ہے، اس تقریب میں ڈرائیور غلام حسین کو بھی گھر بنانے کیلئے قرض ملا، لوگوں کی بڑی تعداد جو اپنے گھر سے محروم ہے، ماہانہ بنیادوں پر سکیم پر عملدرآمد کا خود جائزہ لوں گا۔وزیراعظم نے کہا کہ تعمیراتی شعبے سے معیشت کا پہیہ چلتا ہے، سکیم میں شامل بینکوں کو 14 اگست پر میڈل دیے جائیں گے، حکومت برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، مایہ ناز بر آمد کنندگان کو سفیر عمومی بنایا، 2 سال کیلئے بلیو پاسپورٹ دیا۔
٭٭٭٭٭