لاہور ( نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز وطن واپس پہنچ گئے۔حمزہ شہباز رات گئے غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے لندن سے براستہ دوحہ لاہور پہنچے ۔لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے وی آئی پی لائونج میں لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق، سلمان شہباز، خواجہ عمران نذیر، ماجد ظہور، غزالی سلیم بٹ، عمران گورائیہ، محمد جمیل سمیت دیگر رہنما بھی استقبال کیلئے پہنچے ۔ اس موقع پر خواجہ سعد رفق نے کہا کہ حمزہ شہباز کی بہت کمی محسوس کی ۔ عمران نذیر نے کہا کہ بڑی شدت سے پارٹی کے تھنڈر آپ کا انتظار کررہے ہیں۔جس پر حمزہ شہباز نے کہا کہ میں نے بھی تمام پارٹی ورکرز اور رہنمائوں کی کمی محسوس کی۔
حمزہ شہباز نے لیگی رہنمائوں کا لاہور ائیرپورٹ پر استقبال کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں وہ ایئرپورٹ سے سخت سکیورٹی میں اپنی رہائشگاہ ماڈل ٹائون روانہ ہوئے ۔ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز وطن واپس پہنچتے ہی پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے، حمزہ شہباز اور مریم نواز مل کر پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے انتخابی مہم چلائیں گے۔حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی کے امیدواروں کے چنائو کے حوالے سے بنائے گئے پارلیمانی بورڈ کے اجلاسوں میں بھی شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے امیدواروں کے چنائو میں حمزہ شہباز کی رائے کو اہمیت دیں گے ۔ یاد رہے کہ حمزہ شہباز چند ماہ قبل نجی دورے پر بیرون ملک روانہ ہوئے تھے ۔حمزہ شہباز نے سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کی اور پھر انہوں نے لندن اور امریکہ میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارا۔