اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے اعلی عدلیہ کے دو ججوں کا (ن)لیگ سے رویہ متعصبانہ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ دونوں جج نواز اور شہباز شریف سے متعلق درجنوں مقدمات میں مخالفانہ فیصلے دے چکے ہیں۔ایک بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اعلی عدلیہ کے دو ججوں کا مسلم لیگ (ٰن)کیلئے رویہ متعصبانہ ہے، ان میں سے ایک جج نواز شریف کے کیس میں نگران جج رہے لہذا ان سے انصاف کی توقع نہیں اور دوسرے جج کی آڈیو لیک کا ناقابل تردید ثبوت آچکا، ان کی غیر جانبداری پرسوال اٹھ چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں جج نواز اور شہباز شریف سے متعلق درجنوں مقدمات میں مخالفانہ فیصلے دے چکے ہیں، پاناما، پارٹی لیڈر شپ، پاک پتن الاٹمنٹ کیس اور رمضان شوگر ملزکیس اس فہرست میں شامل ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ قانون اور عدالتی روایت ہے کہ متنازعہ جج متعلقہ مقدمیکی سماعت سیخود کو الگ کرلیتے ہیں، متاثرہ فریق کی درخواست پربھی متنازعہ جج کے بینچ سے الگ کردیے جانے کی روایت ہے لہذا (ن)لیگ قانونی ٹیم ان ججزکو نواز شریف اور دیگر رہنمائوں کے مقدمات سے الگ ہونیکا کہے گی، دونوں ججوں سے کہا جائے گا کہ وہ مسلم لیگ (ن)کے مقدمات نہ سنیں۔