لاہور( کورٹ رپورٹر)احتساب عدالت لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات انکوائری میں سابق وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت 27 فروری تک منظور کرلی۔عدالت نے نیب کو 27 فروری تک گرفتاری سے روکتے ہوئے عثمان بزادر کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا ہے جبکہ آئندہ سماعت پر نیب حکام سے رپورٹ طلب کرلی گئی ۔احتساب عدالت کی ایڈمن جج عظمی اختر چغتائی نے درخواست پر سماعت کی ۔
سابق وزیر اعلی سردار عثمان بزدار نے احتساب عدالت میں دائر درخواست میں موقف اپنایا کہ پہلے نیب نے کہا تھا کہ گرفتاری مطلوب نہیں ہے اور اب نوٹس بھیج دیا ہے۔استدعا ہے نیب نے مجھے کال اپ نوٹس بھیج دیا ہے جس پر گرفتاری کا ڈر ہے لہٰذاعبوری ضمانت منظور کی جائے۔احتساب عدالت کی ایڈمن جج عظمی اختر چغتائی نے درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے عثمان بزدار کو پانچ ، پانچ لاکھ روپے کے دوضمانتی مچلکے جمع کرانے کی بھی ہدایت کر دی۔