لاہور(نیوز ڈیسک) محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پاسپورٹ سروسز کو مزید موثر اور عوام دوست بنانے کیلئے اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سینئر افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمے کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور مستقبل کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے عمل کو مزید تیز کرنے اور ادارہ جاتی کارکردگی بہتر بنانے پر زور دیا۔انہوں نے قانونی اصلاحات اور پالیسی ریفارمز کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں ای پاسپورٹ کے جدید حفاظتی نظام اور بین الاقوامی معیار کے مطابق اس میں شامل سکیورٹی خصوصیات کے حوالے سے افسران کو تفصیلی بریفنگ دی گئی، حکام نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ای پاسپورٹ سہولیات کے توسیعی منصوبے پر بھی غور کیا۔اس موقع پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ سہولیات تک رسائی مزید آسان بنانے اور موجودہ طریقہ کار کو زیادہ مثر، تیز اور عوام دوست بنانے کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
ڈی جی محمد علی رندھاوا نے متعلقہ افسران کو مخصوص ذمہ داریاں سونپتے ہوئے تمام اقدامات کی بروقت اور مثر تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے واضح کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے پاسپورٹ سروسز میں بہتری اور عوام کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔حکام کے مطابق ای پاسپورٹ سہولیات کے دائرہ کار میں توسیع سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے پاسپورٹ کے حصول اور متعلقہ خدمات تک رسائی مزید آسان ہونے کی توقع ہے۔