لاہور( شوبز ڈیسک)سینئر کامیڈین اداکار ناصر چنیوٹی نے کہا ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کو بحران سے نکالنے کے لیے روایتی انداز سے ہٹ کر نئے اور منفرد آئیڈیاز کے ساتھ معیاری فلمیں بنانا ہوں گی، بھارتی پنجابی فلمیں کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہیں تو ہمیں بھی یہ جائزہ لینا ہوگا کہ ہماری فلمیں عوام کی توقعات پر کیوں پوری نہیں اتر رہیں۔
ایک انٹرویو میں ناصر چنیوٹی نے کہا کہ یہ درست ہے کہ بھارتی فلموں کا بجٹ ہماری فلموں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے لیکن ماضی میں پاکستانی فلم انڈسٹری محدود بجٹ کے باوجود اپنے عروج پر تھی۔ اس وقت وسائل کم تھے لیکن فلمیں کامیاب ہوتی تھیں، جبکہ آج بجٹ کئی گنا بڑھ چکا ہے، اس لیے مسئلہ صرف وسائل کی کمی نہیں بلکہ کہیں اور ہے جسے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سب سے پہلے مضبوط اور جاندار اسکرپٹ پر توجہ دینا ہوگی ،جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا۔ ہمیں اپنی فلموں میں پنجاب کی ثقافت اور معاشرتی اقدار کو اجاگر کرنا چاہیے۔
میںبھارتی فلموں کی نقل کرنے کے حق میں نہیں لیکن خدا تعالی نے ہمیں سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت دی ہے ہمیں اس کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی فلموں کے لیے نئے موضوعات، مضبوط کہانیاں اور منفرد انداز اختیار کرنا ہوگا۔