عرفان کھوسٹ

حکومت عرفان کھوسٹ، سہیل احمد کو اسٹیج کی بہتری کی ذمہ داری سونپ کر نتائج دیکھے’ خالد عباس ڈار

لاہور( شوبز ڈیسک) سینئر رائٹر و اداکار خالد عباس ڈار نے کہا ہے کہ اسٹیج ڈرامے کی بہتری کے لیے ایسے فنکاروں کو ذمہ داری سونپنے کی ضرورت ہے جو تھیٹر کے فن اور اس کے مسائل کو عملی طور پر سمجھتے ہوں کیونکہ محکمہ داخلہ، وزارت اطلاعات و ثقافت اور ایف آئی اے کا اسٹیج ڈرامے سے کوئی براہِ راست تعلق نہیں اور انہیں تھیٹر کی اصل روح کا علم نہیں۔

انہوں نے تجویز دی کہ ہر سینئر اداکار کو ایک ،ایک تھیٹر کی ذمہ داری سونپی جائے، پھر دیکھا جائے کہ اسٹیج ڈرامہ اپنے اصل ڈگر پر واپس آتا ہے یا نہیں۔ایک انٹرویو میں خالد عباس ڈار نے کہا کہ حکومت کی بااختیار شخصیات کو کئی بار تجویز دے چکا ہوں کہ عرفان کھوسٹ، سہیل احمد اور دیگر سینئر فنکاروں کو اسٹیج ڈرامے کی بہتری کی ذمہ داری سونپی جائے اور پھر اس کے نتائج دیکھے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے پچاس سال تھیٹر کیا ہے، اس وقت میرے ڈرامے کا کوئی سنسر نہیں ہوتا تھا کیونکہ میرا چہرہ ہی میری پہچان تھا۔خالد عباس ڈار نے کہا کہ جب ہم اسٹیج ڈرامے کرتے تھے تو فیملیوںکو تھیٹر آنے جانے کے لیے تانگے کا کرایہ بھی دیا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب فنی فیکٹری کے مزدور ہیں، ہمیں خود کو کامیڈی کنگ نہیں کہنا چاہیے بلکہ جو لوگ سامنے بیٹھ کر ہمارا فن دیکھتے ہیں وہی ہمیں القابات سے نوازتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کانٹوں پر چل کر اپنا مقام بنایا ہے جبکہ آج کے فنکاروں کو ماضی کے مقابلے میں بہت سی سہولیات میسر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں