کراچی (شوبز ڈیسک) اداکار شجاع اسد نے کراچی کے نوجوان میر رضا کے قتل کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے انصاف کے مطالبے کی حمایت کی ہے۔ اداکار نے کراچی میں ہونے والے احتجاج میں شرکت کی اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بھی انصاف کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔
میر رضا کراچی سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ نوجوان کاروباری تھے چند روز قبل انہیں کراچی سے مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا۔ بعد ازاں ان کی لاش گلستانِ جوہر سے برآمد ہوئی، جس کے بعد شہر بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔شجاع اسد بہادرآباد میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر معروف یوٹیوبر اذلان شاہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔احتجاج کے دوران شجاع اسد نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب مشہور شخصیات کے معاملات میں فوری کارروائی کی جاتی ہے، جبکہ ایک نوجوان شہری کو بچانے میں ناکامی پر سنجیدہ سوالات جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم کے کتے کی بازیابی کےلئے ادارے متحرک تھے، مگر میر رضا کو نہ بچایا جا سکا۔اداکار نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے پر خاموش نہ رہیں بلکہ انصاف کے لیے ہونے والے احتجاج کا حصہ بنیں تاکہ ذمے داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔