اسلام آباد(کورٹ نیوز ) انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں ملوث کالعدم تنظیم کے تین کارندوں کو سزا سنا دی۔مجرمان حسن محمد، سلمان خان اور محمد دانش کو 7، 7 سال قید کے ساتھ پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
جج طاہر عباس سپرا نے ملزمان کیخلاف فیصلہ سنایا۔پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، الیکٹرک ڈیٹونیٹر اور سیفٹی وائرز، سات سلنڈر، نٹ، بولٹس، بال بیرنگ، کیلیں اور بغیر لائسنس تیس بور پستول برآمد ہوئے تھے۔پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان کے قبضے سے کالعدم تنظیم طالبان کے جھنڈے، جعلی شناختی کارڈز اور چند نقشے بھی برآمد ہوئے، ملزمان کے قبضے سے ایسے کارڈز بھی برآمد ہوئے جن کے ذریعے وہ خود کو خیبر پختونخوا پولیس کے افسر ظاہر کرتے تھے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ملزمان سے برآمد ہونے والا دھماکا خیز مواد اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ان کی نیت نقصان پہنچانے کی تھی، ملزمان نے کالعدم تنظیم کے ساتھ اپنے تعلقات کا بھی اعتراف کیا، ملزمان مقدمے میں غلط نامزدگی کے دعوے کو ثابت نہیں کر سکے، رواں سال اپریل میں خفیہ اطلاع پر تینوں ملزمان کو مویشی منڈی، سہمانی کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا۔