لاہور(کامرس رپورٹر)ترجمان فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن نے بتایا ہے کہ صوبہ بھر میں آٹے کی فراہمی تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور مارکیٹ میں آٹے کی کسی قسم کی کوئی قلت نہیں چند عناصر غلط افواہیں پھیلا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں- انہوں نے بتایا کہ حکومتِ پنجاب عوام کو معیاری آٹے کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے صورتحال کی مسلسل اور کڑی نگرانی کر رہی ہے-
ترجمان نے اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی فلور ملز نے سرکاری گندم کی گرائنڈنگ کے بعد 10 کلو آٹے کے 109,799 تھیلے 1100 روپے فی تھیلا کے حساب سے مارکیٹ میں فراہم کیے ہیں جب کہ پرائیویٹ سیکٹر سے گندم خرید کر اس کی پسائی کے بعد پنجاب کے تمام اضلاع میں 10 کلو کے 396,196 تھیلے سپلائی کیے گئے۔اسی طرح20 کلو کے 78,996 تھیلے سپلائی کیے گئے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ صوبہ کے تمام اضلاع میں مجموعی طور پر 10کلو کے 663,987 بیگز کی سپلائی یقینی بنائی گئی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ صوبہ بھر کی تمام فلور ملز حسبِ معمول فعال ہیں اور آٹے کی مسلسل پسائی جاری ہے-ترجمان نے کہا کہ اٹے کی سپلائی چین کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اور مو¿ثر اقدامات کیے جا رہے ہیںاور عوام کو آٹے کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں ہونے دی جائے گی-انہوں نے واضح کیا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور ان کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔