ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کو ڈورنڈ کپ کے لیے ممبئی ایف سی کے اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے اور وہ اس تاریخی ٹورنامنٹ میں پروفیشنل فٹبال میں ڈیبیو کر سکتے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ٹائیگر شروف اس وقت ٹیم کے ساتھ باقاعدہ ٹریننگ کر رہے ہیں اور امکان ہے کہ وہ گروپ مرحلے کے ایک میچ کے لیے شیلانگ میں ٹیم کے ہمراہ سفر کریں گے۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ٹائیگر کا نام اسکواڈ میں رجسٹرڈ ہے اور تمام انتظامات مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ٹائیگر جیسی معروف شخصیت کے ساتھ سیکیورٹی ایک بڑا چیلنج ہے، خاص طور پر دوسرے اور تیسرے درجے کے شہروں میں، جہاں مداحوں کا ہجوم صورتِ حال کو پیچیدہ بنا سکتا ہے، اگر تمام انتظامات منصوبے کے مطابق مکمل ہو گئے تو ٹائیگر شروف گروپ مرحلے کے ایک میچ میں ٹیم کے ساتھ ضرور سفر کریں گے۔