کراچی (شوبز ڈیسک) سینئر اداکار محمد احمد نے ایک معروف اداکار کی جانب سے مبینہ تضحیک آمیز رویے کا شکار ہونے کا انکشاف کیا ہے۔حال ہی میں محمد احمد نے ایک پوڈکاسٹ میں بذریعہ ویڈیو شرکت کی، جہاں انہوں نے ایک معروف پاکستانی اداکار کی جانب سے مبینہ طور پر پیش آنے والے تضحیک آمیز رویے کے بارے میں گفتگو کی۔
محمد احمد نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک اداکار جس کے ساتھ میں نے 2 مختلف پروجیکٹس میں کام کیا اور وہ عمر میں مجھ سے چالیس برس چھوٹا ہے اس نے میرے بارے میں غیر ضروری تبصرے کیے، میری اداکاری کا مذاق اڑایا، میرے گنجے پن پر طنز کیا، لیکن میں نے کوئی ردِعمل نہیں دیا، کیونکہ اس سے پہلے میں ایک اور اداکارہ کے معاملے میں اپنی توانائی ضائع کر چکا تھا، اس لیے خاموش رہا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سوچا کیا میں اتنا کمزور ہوں کہ ایک ایسے اداکار سے تضحیک برداشت کروں جو انڈسٹری میں صرف 8 سال پہلے آیا ہے؟ میں نے کچھ نہیں کہا کیونکہ پروڈیوسرز بہت عزت دینے والے تھے، میں نے اپنی ٹیم کی وجہ سے اپنا تحمل برقرار رکھا، آج کل کوئی بھی کسی کے لیے کھڑا نہیں ہوتا۔