ممبئی (شوبز ڈیسک)اداکارہ نورا فتحی نے نیٹ امتحان میں بے ضابطگیوں اور پرچہ لیک پر جوابدہی کا مطالبہ کرنے والے طلبہ کی حمایت کا اظہار کیا ہے اور احتجاج کرنے والے طلبہ کے حوصلے اور ثابت قدمی کو سراہا ہے ۔نورا فتحی نے اپنے انسٹاگرام اکاﺅ نٹ پر ایک نوٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اس معاملے کا حقیقی حل سامنے آئے گا۔انہوں نے لکھا کہ میرا دل ہر اس طالب علم، ہر خاندان اور ہر اس شخص کے ساتھ ہے جو غیر یقینی صورتحال کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہے۔ تعلیم صرف امتحانات یا نمبروں کا نام نہیں، بلکہ یہ قربانی کا دوسرا نام ہے۔
ہر وہ طالب علم جو رات دیر تک جاگ کر پڑھتا ہے اور ہر وہ خاندان جو مالی مشکلات برداشت کرتا ہے، اس کی محنت اور قربانی قابلِ قدر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امتحانی پرچہ لیک ہونے سے متعلق رپورٹس نے بے شمار لوگوں کو مایوس، تھکا ہوا اور دل شکستہ کر دیا ہے۔ میری خصوصی ہمدردیاں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے بچوں کو کھو دیا۔ طلبہ کی خودکشیوں کی خبریں انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والی ہیں۔
نورا فتحی کے علاوہ متعدد معروف شخصیات بھی طلبہ کی حمایت میں سامنے آ چکی ہیں، جن میں عالیہ بھٹ، نصیرالدین شاہ، رتنا پاٹھک شاہ، شبانہ اعظمی، پرکاش راج، راج کمار را، ریوتھی، تووینو تھامس، انوراگ کشیپ اور اریجیت سنگھ سمیت دیگر شامل ہیں