لا اینڈ جسٹس کمیشن

لا اینڈ جسٹس کمیشن کی انٹرنیشنل کمرشل کورٹ آف پاکستان کے قیام کیلئے آئینی ترمیم کی سفارش

اسلام آباد(کورٹ نیوز ) لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان نے انٹرنیشنل کمرشل کورٹ آف پاکستان کے قیام کے لئے آئینی ترمیم کی سفارش کر دی۔چیف جسٹس پاکستان کی زیرِ صدارت لا اینڈ جسٹس کمیشن کا 49واں اجلاس منعقد ہوا جس میں اٹارنی جنرل پاکستان، ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان، سیکرٹری وزارتِ قانون و انصاف اور کمیشن کے ارکان نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف نے خصوصی دعوت پر اجلاس میں شرکت کی۔

لا اینڈ جسٹس کمیشن نے انٹرنیشنل کمرشل کورٹ آف پاکستان کے قیام کی سفارش وفاقی حکومت کو بھجوا دی۔انٹرنیشنل کمرشل کورٹ آف پاکستان کے قیام کے لئے آئین میں نئے آرٹیکل 212A شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ مجوزہ انٹرنیشنل کمرشل کورٹ آف پاکستان ایک آزاد وفاقی اعلی عدالت ہوگی، مجوزہ عدالت بین الاقوامی تجارتی تنازعات کے فوری اور موثر حل کےلئے قائم کی جائے گی۔مجوزہ عدالت ثالثی ایوارڈز کے موثر نفاذ کو بھی مضبوط بنائے گی جبکہ انٹرنیشنل کمرشل کورٹ تجارتی قوانین میں یکسانیت اور پیش گوئی کی صلاحیت کو فروغ دے گی۔ مجوزہ عدالت سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنے گی، مجوزہ عدالت پاکستان کو بین الاقوامی تجارت اور سرمایہ کاری کےلئے پرکشش مقام بنانے میں معاون ہوگی۔

لا اینڈ جسٹس کمیشن نے آئینی ترمیم کی سفارش وفاقی حکومت کو قانون سازی کے لئے ارسال کرنے کا فیصلہ کیا۔ تجویز کا مقصد پاکستان کے تجارتی نظامِ انصاف کو عالمی بہترین روایات سے ہم آہنگ کرنا ہے، اصلاحات کا مقصد پائیدار معاشی ترقی اور براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کےلئے سازگار قانونی ماحول فراہم کرنا ہے۔لا اینڈ جسٹس کمیشن نے بینکنگ کمپنیز آرڈیننس کی دفعہ 3A(1A) میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔ کمیشن نے بینکنگ محتسب کا دائر اختیار مائیکرو فنانس بینکوں اور اداروں کے صارفین تک بڑھانے کی سفارش کی۔مجوزہ اصلاحات سے لاکھوں مائیکرو فنانس صارفین کو موثر، کم خرچ اور آسان شکایات کے ازالے کا نظام میسر آئے گا۔

اصلاحات سے صارفین کے تحفظ اور مالیاتی شمولیت کو فروغ ملے گا، اصلاحات سے مالیاتی شعبے پر عوامی اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔بینکنگ محتسب سے متعلق مجوزہ ترمیم بھی قانون سازی کےلئے وفاقی حکومت کو بھجوا دی گئی۔ لا اینڈ جسٹس کمیشن نے جدید، موثر اور جوابدہ نظامِ انصاف کے ذریعے پاکستان کی معاشی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا، کمیشن نے تجارتی اعتماد اور صارفین کے تحفظ کے فروغ کےلئے اصلاحاتی اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں