لاہور (کامرس ڈیسک)محکمہ خزانہ پنجاب نے سرکاری تعمیراتی منصوبوں کے لیے مارکیٹ ریٹس سسٹم (MRS) کی دوسری ششماہی 2026 کی نئی فہرست جاری کردی ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی سے 31 دسمبر 2026 تک ہوگا۔ نئی مارکیٹ ریٹس فہرست میں تعمیراتی میٹریل، مزدوری اور مختلف تعمیراتی کاموں کے تازہ نرخ شامل کیے گئے ہیں، جنہیں سرکاری ترقیاتی منصوبوں کے تخمینوں، ٹینڈرز اور تعمیراتی لاگت کے تعین کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
جاری کردہ نرخوں کے مطابق گریڈ 40 سریے کا بنیادی سرکاری نرخ تقریبا 11 ہزار 727 روپے فی من مقرر کیا گیا ہے، جبکہ گریڈ 60 سریے کا بنیادی نرخ تقریبا 11 ہزار 992 روپے فی من رکھا گیا ہے، کٹنگ، بینڈنگ، بچھائی اور بائنڈنگ سمیت گریڈ 40 سریے کی مکمل لاگت تقریبا 12 ہزار 45 روپے فی من اور گریڈ 60 سریے کی مکمل لاگت تقریبا 12 ہزار 317 روپے فی من مقرر کی گئی ہے۔
نئی فہرست میں سیمنٹ، اینٹ، ریت اور مزدوری کے اخراجات مختلف تعمیراتی کاموں کے کمپوزٹ ریٹس میں شامل کیے گئے ہیں، ایم آر ایس میں کنکریٹ، اینٹوں کے کام، چھتوں، فرش، پلستر، سڑکوں، سیوریج اور دیگر تعمیراتی کاموں کے نرخ بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ 222 صفحات پر مشتمل نئی مارکیٹ ریٹس فہرست میں تعمیراتی شعبے کے 27 مختلف چیپٹرز شامل ہیں، جن کے تحت سرکاری منصوبوں کی لاگت کا تعین کیا جائے گا۔