شمعون عباسی

شمعون عباسی نے نیٹ فلکس پر پاکستانی مواد مسترد ہونے کی وجہ بتا دی

کراچی (شوبز ڈیسک)معروف اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر شمعون عباسی کا کہنا ہے کہ نیٹ فلکس کا اپنا ایک معیار ہے اور افسوس کی بات ہے کہ ہم آج تک اس میعار تک نہیں پہنچ پائے۔

انہوں نے انسٹا گرام پر نیٹ فلکس کی جانب سے پاکستانی مواد مسترد کیے جانے اور بین الاقوامی او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر پاکستانی پروڈکشنز کو محدود پذیرائی ملنے پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے تکنیکی معیار کی کمی پر روشنی ڈالی۔شمعون عباسی نے کہا ہے کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر دنیا بھر کا مواد ہوتا ہے صرف ایک مخصوص چینل کا نہیں جبکہ اداکار فیصل قریشی اور ہدایت کارہ مہرین جبار کی بات سے اتفاق کروں گا کہ بھارت پاکستانی مواد کو نیٹ فلکس پر جگہ نہیں دینا چاہتا یہ کچھ حد تک درست ہے۔

اداکار نے کہا کہ میرے نزدیک مسئلہ یہ نہیں کہ بین الاقوامی او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پاکستانی مواد قبول نہیں کرنا چاہتے، بلکہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہماری پروڈکشنز تکنیکی معیار پر پوری نہیں اترتیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری کو بین الاقوامی پلیٹ فارمز تک رسائی نہ ملنے پر مسلسل جواز پیش کرنے کے بجائے اپنی خامیوں کا اعتراف کر کے انہیں دور کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں