لندن (سپورٹس نیوز)برطانوی شہزادہ ولیم نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو ارجنٹینا کے ہاتھوں 2-1 سے شکست ہونے کے بعد اپنی فٹبال ٹیم کے لیے جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔شہزادہ ولیم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر موجود اپنے آفیشل اکاونٹ پر انگلینڈ کی ٹیم کے کھلاڑیوں کی میچ کے دوران مخالف ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے اور میچ جیتنے کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔
انہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری میں انگلینڈ کی فٹبال ٹیم سے مخاطب ہو کر شکست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آپ نے پوری کوشش کی اور ہمیں ناقابلِ یقین ٹورنامنٹ کے لیے آپ پر بہت فخر ہے۔شہزادہ ولیم نے مزید لکھا ہے کہ آپ نے گراونڈ میں جیسے مقابلے اور یقین کا مظاہرہ کیا، اس نے ہم سب کو متاثر کیا ہے۔انہوں نے اپنی اسٹوری کے آخر میں اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اپنے سروں کو فخر سے بلند رکھیں۔واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔