انڈر 16 میں ایشین چیمپئن

پاکستان کا تاریخی آغاز، انڈر 16 میں ایشین چیمپئن اور “بیسٹ ٹیم آف ایشیا” کا اعزاز

الماتے، قزاقستان(سپورٹس نیوز) پاکستان نے ایشین جوجٹسو چیمپئن شپ 2026 کے پہلے ہی روز غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈر 16 مقابلوں میں اپنی برتری ثابت کر دی۔ قومی ٹیم نے 2 گولڈ میڈلز، 2 سلور میڈلز اور “بیسٹ انڈر 16 ٹیم آف ایشیا” کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے ایشین جوجٹسو میں پاکستان کا پرچم سربلند کر دیا۔

انڈر 16 ڈوئو شو سسٹم (Duo Show System) کے مقابلوں میں پاکستان کی باصلاحیت ایتھلیٹس زنیرہ ذوالفقار اور سندس علی نے شاندار تکنیکی مہارت اور بہترین ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔ اس شاندار کامیابی کے ساتھ پاکستان اس ایونٹ میں ایشین چیمپئن بن گیا، جبکہ الماتے میں قومی پرچم سربلند ہونے کے ساتھ پاکستان کا قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔

اسی ایونٹ میں پاکستان کے عبدالرحمان اور آمنہ عرفان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈلز حاصل کیے، جبکہ میزبان ملک قزاقستان برونز میڈل کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

ان شاندار نتائج کے نتیجے میں پاکستان نے مجموعی طور پر “بیسٹ انڈر 16 ٹیم آف ایشیا” کا اعزاز بھی اپنے نام کیا، جو پاکستان جوجٹسو کی تاریخ میں ایک اہم اور قابلِ فخر سنگِ میل ہے۔

ایشین جوجٹسو چیمپئن شپ 2026 میں ایشیا کے 25 ممالک کی تقریباً 728 انٹرہز کے ساتھ ایتھلیٹس مختلف کیٹیگریز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جہاں پاکستان نے پہلے ہی روز اپنی مضبوط موجودگی کا بھرپور احساس دلایا۔

پاکستان جوجٹسو فیڈریشن کے چیئرمین نے قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا:

“یہ کامیابی پاکستان میں جوجٹسو کے مسلسل فروغ، کھلاڑیوں کی انتھک محنت، کوچنگ اسٹاف کی پیشہ ورانہ تیاری اور فیڈریشن کی مؤثر منصوبہ بندی کا ثمر ہے۔ انڈر 16 میں ایشین چیمپئن اور بیسٹ ٹیم آف ایشیا کا اعزاز پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔”

پاکستان جوجٹسو فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور ٹیم لیڈر طارق علی نے اپنے کہا:

“ایشین چیمپئن شپ کا یہ شاندار آغاز پاکستان جوجٹسو کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتا ہے۔ پہلے ہی روز 2 گولڈ، 2 سلور میڈلز اور بیسٹ انڈر 16 ٹیم آف ایشیا کا اعزاز حاصل کرنا ہمارے نوجوان ایتھلیٹس کی صلاحیت، نظم و ضبط اور عالمی معیار کی تیاری کا ثبوت ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ قومی ٹیم آئندہ مقابلوں میں بھی مزید کامیابیاں سمیٹ کر پاکستان کا نام روشن کرے گی۔”

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ محمود الحسن نے کہا:

“کھلاڑیوں نے بھرپور اعتماد، تکنیکی مہارت اور ٹیم ورک کا بہترین مظاہرہ کیا۔ یہ کامیابی ان کی مسلسل محنت کا صلہ ہے۔ ان شاء اللہ آئندہ ایونٹس میں بھی پاکستانی ایتھلیٹس اسی جذبے کے ساتھ بہترین نتائج دے کر مزید اعزازات اپنے نام کریں گے۔”

اپنا تبصرہ بھیجیں