کراچی (آئی این پی) کراچی پورٹ پر بڑے بین الاقوامی جہازوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جہاں دنیا کے بڑے میگا کنٹینر جہازوں میں شامل ایم ایس سی ایریکا لنگر انداز ہوگیا۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ (KPT) کے مطابق جہاز کی لمبائی 398 میٹر جبکہ چوڑائی 59 میٹر ہے، اور کراچی پورٹ ایسے بڑے کنٹینر جہازوں کو محفوظ اور موثر انداز میں ہینڈل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ حکام کے مطابق ایم ایس سی ایریکا کی آمد سے 3 ہزار سے زائد کنٹینرز کی ہینڈلنگ متوقع ہے، جس سے بندرگاہی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
کراچی پورٹ پر کارگو آپریشنز مکمل کرنے کے بعد یہ میگا کنٹینر جہاز اپنی اگلی منزل دالیان، چین کے لیے روانہ ہوگا۔کے پی ٹی کا کہنا ہے کہ بڑے بحری جہازوں کی آمد کراچی پورٹ کی صلاحیت اور عالمی تجارت میں اس کے اہم کردار کی عکاسی کرتی ہے۔